میری تحریر میری سوچ کی عکاس ہے۔

محبت اب نہیں ہو گی یہ کچھ دن بعد میں ہو گی

" محبت اب نہیں ہو گی یہ کچھ دن بعد میں ہو گی

گزر جائیں گے جب یہ دن تو ان کی یاد میں ہو گی "


مجھے نہیں پتا کہ مضمون کیسے لکھتے ہیں کس طرح انہیں ترتیب دیتے ہیں کس چیز کا ذکر پہلے کرتے ہیں اور کس کا تذکرہ آخرمیں ۔ ہاں لیکن میں وہی لکھتا ہوں جو میرے دل کی آواز ہوتی ہے جو میں محسوس کرتا ہوں میرے لکھنے کے نا کوئی اصول ہیں اور نہ ہی کوئی ضوابط، بس قلم وقرطاس اٹھایا اور بے ترتیب سے کچھ الفاظ اس پر بکھیرنے شروع کردئے ۔
آج نہ جانے کیوں مجھے اس شخص کی یاد کچھ زیادہ ہی آرہی ہے جس نے مجھے ہر طرح کی سہولت فراہم کہ ہر قدم پر اسنے مجھے ایک اچھا انسان بننے کا طریقہ بتایا اور مجھے تعلیم حاصل کرنے میں مدد کی رہنے کیلئے اسنے اپنا در کھول دیا کھانے کیلئے میری مرضی تھی جو چاہوں وہ کھاؤں کسی طرح کی کوئی پابندی نہیں ۔ لیکن آج جب میں اسے سوچتا ہوں تو میری آنکھیں بھیگ جاتی ہیں زندگی نامی اس فلم کے فلیش بیک میں چلا جاتا ہوں اور وہ سارے الفاظ کانوںمیں گونجتے ہیں جو اس نے کہا تھا وہ ساری باتیں یاد آجاتی ہیں جو وہ مجھ سے کیا کرتا تھا ایسا لگتا ہے کہ جیسے وہ آج بھی میرے پاس ہے مجھے دیکھ رہا ہے وہ میری باتوں کو سن رہا ہو مجھے لگتا ہے کہ جیسے وہ ابھی مجھے کسی کام کا حکم دیگا لیکن نہیں ایسا نہیں ہوسکتا کیوں کہ اب وہ شخص اس دنیا میں ہے ہی کہاں جو ایسا ہوگا ۔ 
صحیح کہا ہے عقلمندوں نے کی کسی چیز کی وقعت اس کے کھو جانے کے بعد ہوتی ہے۔ میرے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا جب وہ شخص مجھ سے دور ہوگیا جب اس نے اس دارے فانی کو خیر آباد کہہ دیا تو آج مجھے ایسا لگتا ہے کہ جیسے میں اس سے بہت ہی محبت کرتا تھا اسے اوروں سے زیادہ اہمیت دیتا تھا لیکن نہیں اسکے رہتے ہوئے مجھے ایسا کچھ بھی احساس نہیں ہوا اگر ہوا تو اس دن جس دن اس کی موت کی خبر مجھے ملی۔ اس دن جس دن وہ اس دنیا کو چھوڑ کر چلا گیا ، اس دن جس دن لوگوں نے اسے مرحوم کہنا شروع کردیا ، ہاں اسی دن جس دن میرے اس محسن کو دومن مٹی کے نیچے دبا دیا گیا ۔
لیکن اب صرف اس کی یاد میں آنسوں توبہائے جا سکتے ہیں لیکن باتیں نہیں کی جاسکتی اسے یاد تو کیا جا سکتا ہے لیکن اسے گلے نہیں لگایا جاسکتا اس کی اچھائیاں تو ہم بیان کرسکتے ہیں لیکن وہ اب کوئی اچھائی نہیں کرسکتا ۔
جب کوئی وطن سے دور ہوتا ہے اور اسے کسی اپنےکے موت کی خبر دی جاتی ہے تو کیا آپ جانتے ہیں اس کے دل پر کیا گذرتی ہے ؟ کیسے وہ اپنے بکھرے ہوئے وجود کو سمیٹنے کی کوشش کرتا ہے ۔ کیسے وہ اس سوچ سے دور بھاگنے کی سعی کرتا ہے کیسے وہ چاہتا ہے کہ وہ ان باتوں کو بھول جائے؟ اور یہ بھی جانتے ہیں؟ کہ وہ ایسا کیوں کرنا چاہتا ہے؟ کیوں کہ وہ خود کو بہت ہی اکیلا محسوس کرتا ہے کوئی نہیں ہوتا اسے تسلی دینے والا کسی کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ وہ آکر اس شخص کو دلاسا دے ۔
ارے ہاں اسے بھی پتا ہے کہ ہر کسی کو اس دارِ فانی سے کوچ کر جانا ہے لیکن انسان ہیں ،محبت بھی تو کچھ ہوتی اور جب کوئی اپنے وطن کو چھوڑ کر اپنی اور اپنے گھر کی ضروریات پوری کرنے کیلئے کسی دوسرے ملک کا سفر کرتا ہے جب وہ اپنوں سے دور چلا جاتا ہے تو اس کی محبت پہلے جیسے نہیں ہوتی بلکہ اس کے اندر ایک ایسا طوفان بپا ہوتا ہے جس کے بارے میں وہ خود بھی نہیں سمجھ سکتا ۔ اس کی محبت میں اس قدر اضافہ ہوجاتا ہے جسے وہ بیان نہیں کرسکتا ۔
کچھ ایسا ہی ہوا اس رات جس رات مجھے اس محسن کے دارِ فانی سے کوچ کرجانے کہ خبر دی گئی جس نے میرے پورے وجود کو ہلا کر رکھ دیا اور17/ اپریل 2014 عیسوی کی وہ رات تھی جب مجھے پیغام ملا کہ میرے ماموں انیس احمد اس دارے فانی کو چھوڑ کر چلے گئے (اللہ میرے ماموں کو کروٹ کروٹ آرام نصیب کرے۔ آمین)تو اس خبر نے میرے وجود کو ہلا کر رکھ دیا ۔ اور میں یہ سوچنے لگا کہ آخر ایسا کیوں ہوتا ہے کہ اچھے لوگ اس دنیا سے پہلے چلے جاتے ہیں۔ ایسا کیوں ہوتا ہے جن کی ہمیں زیادہ ضرورت ہوتی ہے وہی ہمارا ساتھ سب سے پہلے چھوڑ جاتے ہیں۔ میں سوچوں کے سمندر میں مستغرق جواب کے موتی کے تلاش میں گہرائی کی طرف بڑھتا گیا آخر مجھے اسکا جواب مل ہی گیا ۔ 
اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں فرماتے ہیں "کل نفس ذائقۃ الموت" اور اسے کے تحت اچھے ہوں یا برے سب کواپنے متعن وقت پر اس دنیا کو چھوڑ کر چلے جانا ہے ۔ بس فرق اتنا سا ہے کہ ایک نیک انسان اس دنیا سے جب جاتا ہے تو قدم قدم پر کامیابی اس قدم چومتی ہے اور دوسرا سوالوں کا جواب دیتے دیتے آخر میں اپنے کئے کا پھل پاتا ہے۔
تو ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ اللہ ہمارے ماموں کو ہر قدم پر کامیابی اور ہر امتحان میں کامرانی نصیب فرمائے ۔ اور ہمیں جب تک اس دنیا میں رکھے اپنے حفظ و امان میں رکھے ۔ اور ہمارا خاتمہ ایمان پر کرے۔ اور بلا حساب و کتاب کے جنت الفردوس میں جگہ نصیب کرے۔ اور ہمیں ہر قدم پر کامیابی و کاممرانی نصیب کرے۔آمین ثم آمین
ازقلم: محمدزاہدالاعظمی

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

@mzazmi1

محمد زاہد الاعظمی

تازہ ترین اپڈیٹ کیلئے ہمیں ٹیوٹر پر فالو کریں۔

فالو کریں