میری تحریر میری سوچ کی عکاس ہے۔

یاد آیا بہت کچھ یاد آیا

السلام علیکم ورحمتہ اللہ
 اے میرے وطن کے لوگو!! 

اس ماہ مبارک میں اپنی نیک دعاؤں میں ہم پردیسیوں کو بھی یاد رکھنا کہ ہم نے بھی کبھی آپ کی طرح ماہ رمضان اپنے گھر والوں کے ساتھ گذارا ہے۔ سحری بھی ساتھ میں کھائی افطار بھی ساتھ کی ہے ۔ اور تراویح کبھی خود پڑھائی تو کبھی کسی کے پیچھے بھی پڑھی ہے۔ آج ہم آپ سے دور اپنے پیارے وطن ہندوستان سے دور پردیس میں مسافرت کی زندگی گزار رہے ہیں۔
لیکن افطار کرتے وقت شربت کے ہر گھونٹ پر آپ کی یاد آئی ۔
افطار سے تھوڑا پہلے بچوں کا باہر دوڑ دوڑ کر آذان دینا بھی یاد آیا ۔
بچوں کا پکوڑی اور گُل گُلے کیلئے لڑنا بھی یاد آیا۔
افطار سے تھوڑا پہلے لوگوں کو مؤذن صاحب سے وقت پوچھنا بھی یاد آیا۔
آٹھ رکعت تراویح پڑھ کر واپس کام پر جاتے وقت وہ بیس رکعت تراویح کا پر نور منظر آنکھوں کو دھندلا کر گیا۔
 یاد آیا بہت کچھ یاد آیا ۔
 کچھ اپنی کمی اور آپ کی کوتاہیاں بھی یاد آئیں۔ ہم آپ کو بھولے نہیں ہیں۔
لیکن دل کی کیفیت کو لفظوں میں ڈھال دینا یہ کم سے کم میرے بس میں تو نہیں کیوں کہ میں کوئی مضمون نگارنہیں ہوں بس وہی لکھتا ہوں جو میرے دل کی آواز ہوتی ہے اور جو میں محسوس کرتا ہوں۔ 
خیر آج آپ کا دوسرااور میرا تیسرا روزہ ہوگا ۔۔ افطار کے وقت ہمیں دعاؤں میں یاد کر لینا ۔ یاد کر لینا ان ماؤں اور بہنوں کو بھی جو اپنے وطن شام و عراق سے ہجرت کرنے پر مجبور ہیں۔ یاد کرنا ان مجاہدین کو بھی جو اسلام کی سر بلند کیلئے ہاتھوں میں تلوار اور سر پر کفن باندھ کر اس رمضان میں بھی لڑ رہے ہیں۔ یاد کرنا فلسطینی ماؤں اور بہنوں پر کئے جا رہے اسرائیلی ظلم کو اور انکے حق میں بھی دعا کرنا کہ اللہ انہیں فتح سے ہمکنا ر کرے۔ آمین 
میرے وطن کے غیور لوگو!!
 ہو سکتا ہے کہ جب تک میری تحریر آپ تک پہنچے آپ اپنی پہلی افطاری کر کے شکم سیر ہو چکے ہوں لیکن چلیں کوئی بات نہیں ابھی دوسری سحریاںاور افطاریاں تو باقی ہیں ۔ جب آپ دستر خوان پر بیٹھنا تو ذرا ایک نظر دستر خوان پر بھی ڈال لینا کہ آپکے دستر خوان پر انواع و اقسام کے میوے اور کھانے پڑے ہیں جس میں سے کچھ کھائے جائیں گے اور کچھ پھینک دئے جائیں گے لیکن ان سب چیزوں کے بیچ ذرا اپنے پاس پڑوس میں بھی نظریں دوڑا لینا کیوں کہ بہت سے دستر خوان ان سب سے محروم ہونگے۔
گھبرائیں نہیں میں آپ کا حق چھین کر انکو دینے کی بات نہیں کر رہا ہوں کیوں کہ یہ تو صرف آپ کا حق ہے آپ کے بچوں کا حق ہے۔ لیکن صرف ایک بار ہاں صرف ایک بار آخرت کو بھی یاد کر لینا ۔ اور خود سے سوال کر نا کہ جو آپ کر رہے ہیں کیا یہ صحیح ہے؟ ہوسکتا ہے آپ کو اس کا احساس نہ ہو لیکن ہمیں اس بات کا احساس ضرور ہے کیونکہ ہم اپنے وطن سے دور ہیں ہمیں چھوٹی چھوٹی باتیں سوچنے پر مجبور کرتی ہیں ہمیں آپ سے پیار بھی ہے اسی لئے آپ کی توجہ اس طرف مبذول کر رہے ہیں۔ 
میں اتنا بڑا تو نہیں کہ پورے ملک اور پوری قوم کو مخاطب کروں لیکن میں ان لوگوں کو ضرور مخاطب کرنا چاہوں گا جن کے بیچ میں نے چلنا اور دوڑنا سیکھا۔ جن کی شفقت کا سایا ہمیشہ میرے سر پر رہا۔جن کی ڈانٹ نے مجھے اس قابل بنا دیا کہ میں کچھ آپ سے کہہ سکوں ہاں میرے بھائی اگر آپ کا تعلق میرے پیارے گاؤں "ٹیونگا" سے ہے تو میں آپ سے ہی مخاطب ہوں ۔ ہاں ہاں آپ سے ہی کہہ رہا ہوں کہ نام نمود کیلئے افطار پارٹی کرنے سے اچھا ہے کہ آپ ان پیسوں سے کسی غریب کی مدد کردیں اللہ آپ کو اس سے کہیں زیادہ نوازے گا۔ آپ دیکھیں اپنے آس پاس میں کوئی گھر ایسا تو نہیں جہاں افطار اور سحری کا انتظام کرنا مشکل ہو؟ دیکھیں کہ کہیں کوئی بچہ اپنے والدین سے کسی ایسی چیز کی ضد کر رہا ہو جو اسکے والدین اسے لیکر نہ دے سکتے ہوں ؟ دیکھیں کہیں کوئی مجبور تو نہیں جس گھر میں چولہے نہ جلتے ہوں ؟ دیکھیں ضرور کیونکہ اس کا یہاں نہیں تو کم سے کم اس مالک کے سامنے تو ضرور جواب دیناہوگا جس نے آپ کو نوازا ہے۔ باتیں لمبی ہوتی جا رہی ہے اور بے ترتیب بھی بس دل نے جو کہا وہ لکھ دیا اگر سمجھ میں آجائیں اور اچھی لگی ہوں تو عمل کر لینا ورنہ اسے بھی ردی سمجھ کر دل کے کسی کونے میں پھینک دینا۔ بس آخر میں آپ کو رمضان مبارک کہتے ہوئے اپنی باتوں کو یہیں پر ختم کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ آپ سب کو خوش رکھے آپ ہمیشہ اپنے وطن میں رمضان اور عید کریں۔
 آمین ثم آمین

@mzazmi1

محمد زاہد الاعظمی

تازہ ترین اپڈیٹ کیلئے ہمیں ٹیوٹر پر فالو کریں۔

فالو کریں